نئی دہلی :مرکزی حکومت لگاتار ٹیکس کلیکشن بڑھانے کیلئے کوششیں کر رہی ہے اور اس کا نتیجہ بھی سامنے آنے لگا ہے۔ رواں مالی سال یعنی 23۔2022 میں 10 فروری 2023 تک ہوئے ٹیکس کلیکشن کو دیکھیں تو ملک کے ٹیکس دہندگان نے اب تک کا سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ انکم ٹیکس اور کارپوریٹ ٹیکس کو ملا کر مرکزی حکومت کے مجموعی بجٹ اندازہ کا 91.39 فیصد ڈائریکٹ ٹیکس وصول ہو چکا ہے۔وزارت مالیات نے ہفتہ کے روز جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال 10 فروری تک اس کا ڈائریکٹ ٹیکس کلیکشن گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 24.09 فیصد بڑھا ہے۔ اتنا ہی نہیں، ریفنڈ کو ہٹانے کے بعد حکومت کے ٹیکس کلیکشن میں 18.40 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 10 فروری 2023 تک حکومت کا مجموعی راست محاصل 15.67 لاکھ کروڑ روپے رہا۔ اس میں سے انکم ٹیکس ریفنڈ کو ہٹانے کے بعد اس کا کلیکشن 12.98 لاکھ کروڑ روپے رہا ہے۔