پ16پارلیمانی نشستوں پر کامیابی کے لیے ٹی آر ایس کی حکمت عملی

   

لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقد شدنی جلسہ عام کی زبردست تیاریاں ، انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد۔26مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے 29 مارچ کو فتح میدان لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے انتخابی جلسہ عام کی تیاریوں کا تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین نے جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ 29مارچ کو فتح میدان میں منعقد ہونے والے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ ریاستی وزیر مسٹر این سرینواس یادو‘ مسٹر سنتوش کمار رکن راجیہ سبھا ‘ مسٹر بی رام موہن مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکے علاوہ دیگر ٹی آر ایس قائدین نے فتح میدان پہنچ کر انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ فتح میدان میں منعقد ہونے والے انتخابی جلسہ عام کے دوران حلقہ جات لوک سبھا ملکا جگری‘ سکندرآباد اور چیوڑلہ کے تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس تین حلقوں کے مشترکہ جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے تینوں حلقہ جات پارلیمان میں قائدین کو متحرک کردیا گیا ہے اور اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے حلقوں سے عوام کو اس جلسہ میں لانے کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے فتح میدان میں جلسہ کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کی اور بتایا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی ریاست کی تمام 16نشستوں پر کامیابی کے حصول کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں ہے اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کی ترقی میں کوئی کمی نہیں رکھی جس کے سبب وہ عوام کے پسندیدہ سیاسی قائدین میں شمار کئے جانے لگے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ 29 مارچ کو فتح میدان میں عوامی سیلاب سکندرآباد‘ ملکا جگری اور چیوڑلہ سے تلنگاہ راشٹر سمیتی امیدواروں کی کامیابی کا اعلان کردے گا۔ مسٹر سنتوش کمار نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ و سربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے چندرشیکھر راؤ ریاست کی مجموعی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے ذریعہ عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے والی ثابت ہوچکی ہیں کیونکہ تشکیل تلنگانہ میں رکاوٹ پیدا کرنے والی سیاسی جماعتوں نے ریاست کے عوام کو تشکیل کے بعد بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹربی رام موہن کی موجودگی میں کئے گئے اس معائنہ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ فتح میدان میں جلسہ کے شرکاء کے لئے درمیان میں نشستوں کے علاوہ اطراف بھی انتظامات کو ممکن بنانے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جلسہ کے شرکاء کی گاڑیوں کو نظام کالج اور باغ عامہ میں پارک کرنے کے انتظامات کو ممکن بنایا جائے گا۔