حیدرآباد۔ 27 اگسٹ ( سیاست نیوز) پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی برائے دفاع نے رکن پارلیمنٹ جول اورم کی قیادت میں بھارت ڈائنامکس لمیٹیڈ ( بی ڈی ایل ) کا دورہ کیا ۔ کمیٹی نے دفاعی عوامی شعبہ کی کمپنیوں کو عصری بنانے کا جائزہ لینے یہ دورہ کیا ۔ کمیٹی کی آمد کے موقع پر بی ڈی ایل کے صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر کموڈور سدھارتھ مشرا ( ریٹائرڈ ) نے بی ڈی ایل کنچن باغ یونٹ پر اس کا خیر مقدم کیا ۔ کمیٹی کو موجودہ تیار کئے جانے والے آلات کی رینج ‘ تیاری کی سہولیات اور عصری بنانے کے اقدامات وغیرہ سے واقف کروایا گیا ۔ تبادلہ خیال کے دوران کمیٹی کو مطلع کیا گیا کہ بی ڈی ایل کی جانب سے مستقبل میں کارگر ہونے والی ٹکنالوجیز جیسے مصنوعی انٹلی جنس ‘ انڈسٹری 4.0روبوٹکس وغیرہ کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ ہندوستان کی مسلح افواج کو عصری ہتھیار فراہم کرنے کے نشانہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے بھی تیاری کی جا رہی ہے ۔ کمیٹی کو آتم نربھر بھارت مشن کو کامیاب بنانے کیلئے بی ڈی ایل کے رول کے تعلق سے بھی تفصیلی طور پر واقف کروایا گیا ۔ صدر نشین پارلیمانی کمیٹی رکن پارلیمنٹ جول اورم نے بی ڈی ایل کی ستائش کی ۔