مکتھل میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے اجلاس سے ایڈیشنل کلکٹر کا خطاب
مکتھل /8 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایڈیشنل کلکٹر ضلع نارائن پیٹ مسٹر میانک متل آئی اے ایس نے آج مکتھل کا دورہ کرتے ہوئے تحصیل آفس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے مشاورت کی اور آنے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اصول و قواعد اور انتخابی ضابطہ سے واقف کرواتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے اس کو محلوظ رکھنے اور انتخابات کو شفاف و منصفانہ بنانے تعاون کی اپیل کی ۔ تحصیل آفس مکتھل میں منعقدہ اس اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر میانک متل نے کہا کہ حلقہ اسمبلی مکتھل کی سطح پر تمام ووٹرس کے آئی ڈی کو آدھار سے لنک کرتے ہوئے ضعیف و کمزور ووٹرس کا ان کی تاریخ پیدائش اور عمر کے لحاظ سے تعین کرتے ہوئے ان کی نشاندہی کرلی جائے تاکہ ان کمزور اور عمر رسیدہ ووٹرس کو بھی اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کی جارہی سہولیات سے استفادہ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ مسٹر میانک متل نے سیاسی جماعتوں سے کہا کہ وہ قواعد اور اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے عہدیدراوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ لوک سبھا انتخابات پوری شفافیت کے ساتھ منعقد کیا جاسکیں۔ اس موقع پر مکتھل تحصیلدار مسٹر سوگنا راجو کے علاوہ کانگریس ، ٹی آر ایس اور بی جے پی کے نمائندوں اور دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے موجود تھے ۔