پارلیمانی پیانل کو سرحدی صورتحال سے آگاہی

   

نئی دہلی ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) معتمد خارجہ وجئے گوکھلے نے آج ہند ۔ پاک محاذ کے بارے میں پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے اُمور خارجہ کو واقف کرایا۔ اِس کمیٹی کے سربراہ کانگریس لیڈر ششی تھرور ہیں اور اس کی میٹنگ آج دوپہر پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ باہمی تعلقات میں تلخی کی روشنی میں ہند ۔ پاک روابط کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ عہدیداروں نے کہاکہ پلوامہ حملہ اور ہندوستان کی فضائی کارروائی کے بعد حالات کشیدہ ہوئے ہیں۔ ششی تھرور نے قبل ازیں ٹوئٹ کیا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی پاکستان کے ساتھ موجودہ صورتحال کے بارے میں وزارت اُمور خارجہ سے بریفنگ لے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی منگل کے اوائل پاکستان کے اندرون بالاکوٹ کے قریب دہشت گرد گروپ جیش محمد کے سب سے بڑے کیمپ کو ہندوستانی جنگی طیاروں کا نشانہ بنانے کے بعد شدید ہوگئی۔ یہ کشمیر میں سی آر پی ایف قافلے پر خودکش حملے کے 12 روز بعد کی گئی۔