نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی دہلی (آئی آئی ٹی)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (این آئی ٹی) اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی آئی آئی ٹی) میں تقرریوں میں کمی تشویشناک ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہیکہ جب اعلیٰ اداروں میں یہ صورتحال ہے تو پھر تعلیم یافتہ آبادی کو ملک کے دوسرے اداروں میں ملازمتیں کیسے حاصل ہوں گی۔ کانگریس کمیونیکیشن ڈیارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تقرریوں میں کمی کو اجاگر کرنے والی یہ خبر ایک سرکردہ اخبار نے دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خبروں میں پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم، خواتین، بچہ، نوجوان اور کھیل نے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے گرانٹ مطالبات پر اپنی 364ویں رپورٹ میں یہ اعداد و شمار دیے ہیں اور کہا ہیکہ آئی آئی ٹی، این آئی ٹی اور آئی آئی آئی ٹی جیسے ملک کے اعلیٰ اداروں میں تقرریوں میں کمی تشویشناک ہے ۔آئی آئی ٹی ملک کے سب سے بڑے انجینئرنگ ادارے ہیں جن میں داخلہ کا انتہائی مسابقتی عمل ہے جو ملک کے بہترین فیکلٹی اور طلباء کو راغب کرتا ہے۔