پارلیمنٹ بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلہ کا آج آغاز

   

زیر التواء بلوں کو منظور کرانے حکومت کی کوشش‘ ہنگامہ خیز ہونے کا امکان

نئی دہلی: پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کی کارروائی پیر سے شروع ہوگی جس میں زیر التواء بلوں کو منظور کیا جائے گا۔ اجلاس کا دوسرا مرحلہ 6 اپریل تک جاری رہے گا اور اس دوران کل 17 نشستیں ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق اس دوران 35 بلز منظور ہونے ہیں جن میں سے 26 راجیہ سبھا میں اور نو لوک سبھا میں زیر التوا ہیں۔صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے ساتھ ہی بجٹ اجلاس 31 جنوری کو آغاز ہواتھا۔ سیشن کا پہلا مرحلہ 13 فروری تک جاری رہا اور اس دوران کل 10 میٹنگیں ہوئیں۔ سیشن کے پہلے مرحلے میں صدر کے خطاب پر اظہار تشکر اور مرکزی بجٹ 2023.24 پر بحث کی گئی تھی۔ بجٹ اجلاس کے پہلے مرحلے کے ایک ماہ کے وقفے کے دوران حکمران جماعت اور اپوزیشن کے درمیان مختلف امور پر بحث و تکرار دیکھی گئی۔ اپوزیشن کے تیور کو دیکھتے ہوئے اجلاس کے دوسرے مرحلہ میں بھی ایوان کے ہنگامہ خیزرہنے کا امکان ہے۔ اپوزیشن جماعت حکومت پر حملے کی تیاری میں ہے اور حکومت بھی ان کے ہرسوال کا جواب دینے کی تیاری کرچکی ہے۔ بہرحالبی جے پی نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی پر بیرون ملک میں ملک کو بدنام کرنے کا الزام لگایا ہے، جس سے کانگریس اور بی جے پی میں تلخی بڑھی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو شراب گھوٹالہ میں جیل بھیجنے کی کارروائی، راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر لالو پرساد یادوکے اہل خانہ کے ارکان سے زمین کے بدلے ریلوے میں نوکری دینے سے متعلق گھوٹالے اورتلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندرشیکھر راؤ کی بیٹی کویتا سے دہلی میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی طرف سیپوچھ گچھ جیسے کئی امور پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تنازعہ بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر پارلیمنٹ کے ہنگامہ خیز ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔وقف ترمیمی بل اور دیگر پر بحث کا امکان۔