پارلیمنٹ سیشن میں کسانوں کے مسائل کو پیش کرنے ٹی آر ایس کا فیصلہ

   

کُل جماعتی اجلاس میں ناگیشورراؤ کی شرکت، تلنگانہ کے ساتھ مرکز کے رویہ پر تنقید

حیدرآباد۔/28 نومبر، ( سیاست نیوز) پارلیمنٹ کے پیر سے شروع ہونے والے اجلاس میں ٹی آر ایس تلنگانہ میں کسانوں سے دھان کی خریدی کے مسئلہ کو شدت کے ساتھ پیش کرے گی۔ پارلیمانی پارٹی کے قائد ناما ناگیشور راؤ نے نئی دہلی میں یہ اعلان کیا۔ پارلیمنٹ اجلاس کے آغاز سے قبل مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے کُل جماعتی اجلاس طلب کیا تھا۔ ٹی آر ایس کی جانب سے لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ناما ناگیشور راؤ نے شرکت کی اور کسانوں کے مسائل کو پیش کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناگیشور راؤ نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں 37 بلز پیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں جس طرح مباحث کے بغیر بلز کو منظوری دی گئی تھی اس مرتبہ ایسا نہیں ہونا چاہیئے۔ ہر بل پر تمام جماعتوں کی رائے معلوم کرتے ہوئے فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں عوامی مسائل پر مباحث ہونے چاہیئے۔ ناگیشورراؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں کسانوں سے دھان کی خریدی کی ذمہ داری مرکز پر عائد ہوتی ہے۔ اس مسئلہ پر گزشتہ دو ماہ میں مرکز سے پانچ مرتبہ نمائندگی کی جاچکی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ریاستی وزراء نے مرکز سے نمائندگی کی لیکن مرکز کا رویہ تلنگانہ کے ساتھ منصفانہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی خریدی سے انکار کے نتیجہ میں کسانوں کو بھاری نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ربیع کی فصل کے سلسلہ میں مرکز نے دھان کی خریدی کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔ اس سلسلہ میں کُل جماعتی اجلاس میں موجود مرکزی وزیر پیوش گوئل کی توجہ مبذول کرائی گئی۔ ناگیشورراؤ نے کہا کہ دھان کی خریدی اور کسانوں کے دیگر مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔ زرعی قوانین کی تنسیخ، این ایس پی قانون اور زراعت کی ترقی پر سوامی نادھن کمیٹی کی رپورٹ پر عمل آوری کی مانگ کی جائے گی۔ کسان ایجی ٹیشن کے دوران درج مقدمات سے دستبرداری اور متوفی کسانوں کے خاندانوں کی امداد کا مطالبہ کیا جائے گا۔ کے سی آر حکومت نے متوفی کسانوں کے خاندانوں کیلئے فی کس 3 لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا ہے۔ ناگیشورراؤ نے کہا کہ برقی ترمیمی قانون کی پارلیمنٹ میں ٹی آر ایس مخالفت کرے گی۔ آندھرا پردیش سے آبی تنازعہ کی یکسوئی کیلئے علحدہ ٹریبونل کے قیام کے علاوہ ایس سی، ایس ٹی بل کی منظوری کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسئلہ پر ٹی آر ایس پارلیمنٹ اور اس کے باہر جدوجہد کرے گی۔ر