اقلیتوں کیساتھ بی جے پی کے رویہ کا بیان بھی ریکارڈ سے ہٹا دیا گیا
نئی دہلی: قائد اپوزیشن راہول گاندھی کی جانب سے کل پارلیمنٹ میں کی گئی تقریبا 100 منٹ کی تقریر کے بڑے حصہ کو اسپیکر نے ایوان کی کاروائی سے حذف کر دیا۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی نے قائد اپوزیشن کے طور پر پہلا خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے بی جے پی آر ایس ایس پر جم کر تنقید کی تھی اور ہندو ریمارک کیا تھا۔ذرائع کے مطابق ایوان کی کاروائی سے ہندوؤں اور تشدد کو لے کر راہول گاندھی کی جانب سے دیا گیا بیان حذف کر دیا گیا، اسی طرح “جب میں پی ایم مودی کی طرف دیکھتا ہوں تو وہ نہیں مسکراتے’’ تقریر کا یہ بھی حصہ کاٹ دیا گیا۔ امبانی اور اڈانی کو لے کر دیا گیا راہول گاندھی کا بیان بھی ہٹا دیا گیا۔ بی جے پی 24 گھنٹے نفرت اور تشدد پھیلاتی ہے یہ الفاظ بھی کاٹ دیے گئے،راہول گاندھی کی جانب سے اگنی ویر سے متعلق دیا گیا بیان جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگنی ویر فوج کی نہیں بلکہ پی ایم او کی یوجنا ہے اسے بھی حذف کر دیا گیا۔ اقلیتوں کے ساتھ بی جے پی کے رویہ کی تقریر کو بھی حذف کر دیا گیا، اسی طرح کوٹا میں امتحان سے متعلق دیے گئے بیان کو بھی ایوان کے ریکارڈ سے حذف کر دیا گیا۔واضح رہے کہ کل راہول گاندھی نے ایوان میں جس وقت تقریر کی اور حکومت پر جم کر تنقید کی تووزیر داخلہ امیت شاہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجو کے علاوہ کئی وزراء نے کھڑے ہو کر مخالفت کی تھی اور راہول گاندھی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔