پارلیمنٹ میں وزیر اعظم کی تقریر گروہ واری قائد کی طرح: وی ہنمنت راؤ

   

حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ میں ایک گروہ واری قائد کی طرح تقریر کرتے ہوئے تلنگانہ کے بارے میں گمراہ کن ریمارکس کئے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہاکہ تلنگانہ سے ناانصافیوں کا مودی کو اس وقت خیال نہیں آیا جب وہ امراوتی دارالحکومت کا سنگ بنیاد رکھ رہے تھے اور دوسری طرف گجویل میں چیف منسٹر کے ساتھ جلسہ میں شرکت کرتے ہوئے کے سی آر کی ستائش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت تلگو ریاستوں کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے اسی کو ریاست کی تقسیم پر اعتراض ہے۔ نریندر مودی شاید بھول گئے کہ سشما سوراج نے پارلیمنٹ میں علحدہ تلنگانہ کی تائیدکی تھی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ نئی ریاستوں کے قیام کے 7 برس گذرنے کے بعد نریندر مودی تنازعہ کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بی جے پی کو مستحکم کرنے کے منصوبہ کے تحت وزیر اعظم نے یہ بیان دیا۔ مودی حکومت کو عوام سے زیادہ کارپوریٹ گھرانوں کے مفادات کی فکر ہے۔ سینکڑوں نوجوانوں نے تلنگانہ کیلئے قربانیاں دی ہیں لیکن عوام کی خواہشات اور اُمنگوں کی تکمیل میں ٹی آر ایس اور بی جے پی دونوں ناکام ثابت ہوئے۔ ر