یکم فروری کو نرملا سیتارامن مرکزی بجٹ 2020-21 ء پیش کریں گی
نئی دہلی 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دو مرحلوں میں انعقاد عمل میں آئے گا۔ پہلے مرحلہ کا آغاز 31 جنوری سے ہوگا جو 11 فروری تک جاری رہے گا جبکہ دوسرے مرحلہ کا آغاز 2 مارچ سے ہوگا اور اس کا 3 اپریل کو اختتام عمل میں آئے گا۔ ملک بھر میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری احتجاج اور معیشت کی سست روی کے پیش نظر تمام کی نظریں بجٹ اجلاس پر ہوں گی۔ اپوزیشن جماعتیں معاشی سست روی پر حکومت کو گھیرنے کا منصوبہ تیار کررہی ہیں۔ صدرجمہوریہ رامناتھ کووند کے خطبہ سے پارلیمنٹ اجلاس کا آغاز ہوگا۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن یکم فروری کو مرکزی بجٹ 2020-21 ء پیش کریں گی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ مرکزی وزیر فینانس متوازن بجٹ پیش کرنے کی کوشش کریں گی۔ جی ڈی پی کے عہدیداروں نے تخمینی اعداد و شمار جاری کئے ہیں جس کے مطابق 2020-21 ء میں ہندوستان کی معیشت 5 فیصد ہوگی تاہم اِس کا دار و مدار مرکزی حکومت کے بجٹ میں کئے جانے والے اعلانات پر ہوگا۔ مرکز نے گزشتہ چند ماہ کے دوران صنعتوں کو فروغ دینے سے متعلق مختلف اقدامات کئے ہیں ۔
