پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا 17 جولائی سے آغاز متوقع

   

نئی دہلی : پارلیمانی اجلاس کو لے کر جلد ہی مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت والی سی سی پی اے کی میٹنگ ہوگی جس میں اجلاس کی تاریخ پر مہر لگے گی۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 17 جولائی سے شروع ہونے کی امید ہے، جو کہ 10 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔ سی سی پی اے کی میٹنگ میں ان تاریخوں کے متعلق جلد ہی فیصلہ لیا جائے گا، لیکن ایک بات تو یقینی ہے کہ پارلیمانی اجلاس ہنگانہ خیز ہوگا۔پارلیمنٹ کی کارروائی ہنگامہ خیز ہونے کے کئی اسباب ہیں۔ ایک طرف تو دہلی حکومت میں عہدیداروں کے ٹرانسفر۔پوسٹنگ کو لیکر لائے گئے آرڈیننس پر بحث ہوگی اور دوسری طرف یونیفارم سیول کوڈکو لیکر دیئے گئے بیانات پر اپوزیشن پارٹیاں سوالات کھڑے کریں گی۔ 2024 میں لوک سبھا انتخاب ہونا ہے، اس لیے اپوزیشن پارٹیاں پوری طاقت کے ساتھ برسراقتدار طبقہ پر حملہ آور ہوں گی۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ گزشتہ پارلیمانی اجلاس کی طرح آئندہ پارلیمانی اجلاس بھی ہنگامہ کی نذر ہو جائے گا، یا پھر مودی حکومت اپوزیشن کے سوالوں کا جواب دے گی۔