ناگی ریڈی پیٹ کے سینکڑوں کسان مراعات سے محروم ، تحصیلدار کو کانگریس قائدین کی یادداشت
یلاریڈی : پارٹ ۔ بی اراضیات کو فوری پٹہ جات دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹی پی سی سی ۔ آئی سیل چیرمین و ظہیرآباد حلقہ پارلیمان انچارج مدن موہن راؤ نے منڈل ناگی ریڈی پیٹ مستقر پر مقامی کسانوں کے ساتھ مل کر پٹرول بنک سے تحصیل آفس تک ریالی منظم کی ۔ پارٹ بی اراضیات رکھنے والے کسانوں کی طرف سے منڈل پریشد صدر راج داس کے ساتھ تحصیلدار سعید احمد مسرور کو میمورنڈم پیش کیا ۔ اس موقع پر مدن موہن راؤ نے کہا کہ منڈل میں 95 فیصد عوام زراعت پر ہی انحصار کرتے ہیں اور ناگی ریڈی پیٹ ، مالتمیدہ ، لنگم پلی ، تانڈور ، راگھووا پلی مختلف مواضعات میں سینکڑوں ایکڑس اراضیات پارٹ بی میں شامل کرنے سے کسان بندھو اور دیگر اسکیمات سے بہت سارے کسان محروم ہورہے ہیں ۔ انھوں نے الزام لگایا کہ رکن اسمبلی سریندر پارٹ بی اراضیات کو پٹہ جات دلانے کا وعدہ کرکے بھول گئے ۔ ریاستی حکومت ان کسانوں کے ساتھ سوتیلا سلوک نہیں کرسکتی ۔ مدن موہن راؤ نے تمام کسانوں کو فوری پٹہ جات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ورنہ اس تعلق سے بڑے پیمانے پر کسانوں کے ساتھ مل کر احتجاج بلند کرنے کا انتباہ دیا ۔ اس موقع پر منڈل کانگریس پارٹی صدر کشٹافر ، قائدین میں بابو راؤ ، لکشمن ٹھاگور اور دوسرے موجود تھے ۔