عاملہ کی تشکیل سے قبل سرگرم قائدین کی نشاندہی، ریاستی وزراء کی گاندھی بھون آمد کا آئندہ ہفتہ سے آغاز
حیدرآباد ۔20۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ذمہ داری سنبھالتے ہی ضلع واری سطح پر پارٹی کے موقف کا جائزہ لینے کا آغاز کردیا ہے ۔ نئی ریاستی عاملہ کی تشکیل سے قبل مہیش کمار گوڑ تمام اضلاع کے پارٹی قائدین سے مشاورت کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ حقیقی کارکنوں کو کمیٹی میں شامل کیا جاسکے ۔ مہیش کمار گوڑ نے ریاستی وزراء کو ہفتہ میں دو دن گاندھی بھون میں موجود رہنے کے لئے خواہش کی تھی جسے چیف منسٹر نے منظوری دے دی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مہیش کمار گوڑ کو مشورہ دیا کہ وہ آئندہ ہفتہ سے ریاستی وزراء کی گاندھی بھون میں موجودگی کا پروگرام طئے کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ چہارشنبہ اور جمعہ کو دو وزراء صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک گاندھی بھون میں دستیاب رہیں گے اور پارٹی کارکنوں اور عوام سے ملاقات کریں گے۔ کارکنوں اور عوام کی سہولت کیلئے ہر ہفتہ دو وزراء کی گاندھی بھون میں موجودگی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ اسی دوران مہیش کمار گوڑ نے ضلعی سطح کے قائدین سے ملاقاتوں کا آغاز کردیا ہے ۔ مہیش کمار گوڑ کل 21 ستمبر سے روزانہ دو اضلاع کے مقامی قائدین سے گاندھی بھون میں اجلاس منعقد کریں گے ۔ اس موقع پر اے آئی سی سی انچارج دیپاداس منشی، اے آئی سی سی سکریٹریز وشوانادھم اور وشنو ناتھ موجود رہیں گے۔ ضلع کانگریس صدور کے علاوہ ضلع کے وزراء ، انچارج وزیر ، ارکان پارلیمنٹ اسمبلی و کونسل ، لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار، پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیدار ، کارپوریشن کے صدورنشین ، سابق وزراء ، سابق ارکان اسمبلی اور متعلقہ ضلع کے محاذی تنظیموں کے قائدین شرکت کریں گے۔ کل ہفتہ کو صبح 11 بجے سے ایک بجے تک ورنگل ضلع کے قائدین کے ساتھ اجلاس رہے گا جبکہ دوپہر 2 بجے تا سہ پہر 4 بجے کریم نگر اور 4 بجے تا شام 6 بجے نظام آباد کے قائدین کے ساتھ اجلاس ہوں گے ۔ مہیش کمار گوڑ مجالس مقامی کے انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے دیہی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ روزانہ دو یا تین اضلاع کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں پارٹی کی موجودہ صورتحال، سرکاری اسکیمات پر عمل آوری اور قائدین کے درمیان بہتر تال میل کا جائزہ لیاجائے گا۔ مہیش کمار گوڑ حکومت اور پارٹی کے درمیان بہتر روابط کو استوار کرنے کی مساعی کر رہے ہیں تاکہ حقیقی کارکنوں کو مناسب نمائندگی مل سکے۔ 1