پارٹی میں برقراری ہر کسی کی مرضی: جی کشن ریڈیراجگوپال کے استعفیٰ پر ردعمل

   

حیدرآباد۔/25 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے سابق رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے پارٹی سے استعفیٰ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی میں برقراری ہر کسی کی مرضی ہے کہ وہ کسی بھی پارٹی میں شامل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے راجگوپال ریڈی کے اس بیان پر تنقید کی جس میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں بی آر ایس کی متبادل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں شمولیت سے قبل راجگوپال ریڈی نے اس طرح کا بیان دے کر سیاسی غیر دیانتداری کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسی دوران ڈاکٹر لکشمن ایم پی نے راجگوپال ریڈی کے استعفیٰ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے منگوڑ سے ٹکٹ دے کر ضمنی چناؤ میں اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی قیادت کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت کے بعد اس طرح کا انحراف ٹھیک نہیں ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا اقتدار یقینی ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی نے راجگوپال ریڈی کے استعفیٰ پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے گذرتے ہوئے بادل سے تعبیر کیا اور کہا کہ یہ وقت بھی گذر جائے گا۔