پارٹی و نامزد حکومتی عہدوں میں خواتین کو 20 فیصد نمائندگی: مہیش کمار گوڑ

   

آئندہ اسمبلی میں 51 خاتون ارکان اسمبلی ہوں گی، مہیلا کانگریس کی نئی صدر ای سورنا نے جائزہ حاصل کیا
حیدرآباد۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ مہیلا کانگریس کی صدر کی حیثیت سے سینئر لیڈر ای سورنا نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا، مہیلا کانگریس کی سابق صدر سنیتا راؤ اور دیگر قائدین کی موجودگی میں ای سورنا نے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا۔ رکن پارلیمنٹ کڈیم کاویا اور دیگر عوامی نمائندوں نے مہیلا کانگریس کی نئی صدر کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر خطاب میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ مہیلا کانگریس کارکنوں کو تنظیمی اور نامزد عہدوں میں ترجیح دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مہیلا کارکنوں کو سرکاری اداروں میں ڈائرکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ 6 مہیلا قائدین کو ضلع کانگریس صدور کے عہدہ پر فائز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اہم انتخابی وعدے کی تکمیل کرکے مہالکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے۔ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم میں خواتین کو موثر نمائندگی دی گئی۔ انہوں نے قومی سطح پر مہیلا کانگریس کے استحکام کیلئے الکالامبا کی خدمات کو سراہا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس نے صدر جمہوریہ، گورنر، اسپیکر اور چیف منسٹر کے عہدوں پر خواتین کو نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اسمبلی میں 51 خاتون ارکان اسمبلی ہوں گے۔ پارٹی اور حکومت کے نامزد عہدوں میں 20 فیصد عہدوں پر خواتین کا تقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں منشیات اور گانجے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ کانگریس حکومت ریاست کو منشیات سے نجات دلانے کی مساعی کررہی ہے۔ انہوں نے مہیلا کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے عوام کو واقف کرائیں۔ دیہی سطح پر پارٹی کے استحکام کی مساعی کی جائے۔ 1