پارٹی چھوڑنے والے قائدین سے دوبارہ کانگریس میں واپس آنے اتم کمار ریڈی کی اپیل

,

   

Ferty9 Clinic

کے سی آر اور مودی نے سیاست کو آلودہ کردیا، ٹی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت
حیدرآباد۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کانگریس چھوڑکر دیگر پارٹیوں میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین سے اپیل کی کہ وہ دوبارہ کانگریس میں واپس آجائیں۔ وہ آج گاندھی بھون میں ونپرتی سے تعلق رکھنے والے سابق ایم پی پی شنکر نائک اور دیگر ٹی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ ونپرتی کے کارکنوں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ ڈاکٹر جی چناریڈی سکریٹری اے آئی سی سی اور نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی کے ہمراہ ان قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی خواتین، کمزور طبقات اور اقلیتوں کو بہتر نمائندگی دیتی رہی ہے جبکہ ٹی آر ایس ایک خاندانی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کا اقتدار نہ صرف خاندانی اقتدار ہے بلکہ لوٹ مار اور لوٹ کھسوٹ کا دور جاری ہے۔ کے سی آر نے سیاست کو آلودہ کردیا ہے۔ ٹی آر ایس پارٹی گھٹیا سیاست پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں عوام کے سی آر سے وعدوں کی تکمیل کے بارے میں سوال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ بھتہ اور رائیتو بندھو اسکیم کو فراموش کردیا گیا ہے۔ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس بلندی انتخابات میں ٹی آر ایس کے وعدوں کو انتخابی موضوع بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات کے انعقاد میں خامیوں کی نشاندہی پر ٹی آر ایس قائدین انہیں تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کانگریس بلدی انتخابات میں شاندار مظاہرہ کرے گی ۔ ٹی آر ایس سمجھتی ہے کہ کانگریس انتخابات سے خوفزدہ ہے۔ میں چھ مرتبہ عوام کی جانب سے منتخب کردہ ہوں اور انتخابات سے گھبرانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے وارڈس کے ریزرویشن کے اعلان کے بعد پرچہ نامزدگی کے ادخال کو ایک ہفتے کی مہلت دینے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر نے سیاست کو آلودہ کردیا ہے۔ نریندر مودی مذہب کے نام پر سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پولیس کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ کانگریس بہت جلد پولیس ہراسانی کے خلاف جیل بھرو پروگرام منظم کرے گی۔ سابق ایم پی پی شنکر نائک نے کہا کہ کانگریس سے ایم پی پی منتخب ہونے کے بعد ناگزیر وجوہات کے سبب وہ ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے تھے اور آج گھر واپسی میں اطمینان اور سکون محسوس کررہے ہیں۔ میں تین سال تک ٹی آر ایس میں رہا لیکن ایک دن بھی مطمئن نہیں تھا۔ ٹی آر ایس دور حکمرانی میں سماج کا کوئی بھی طبقہ خوش اور مطمئن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے کئی قائدین دوبارہ واپسی کے حق میں ہیں۔