پارٹی کی شکست صرف اسپیڈ بریکر، کیڈر کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں : کے ٹی آر

   

نتائج کا جائزہ لیا جائے گا۔ بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کاتعمیری رول ادا کرے گی

حیدرآباد 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسڈنٹ کے ٹی آر نے شکست کا اعتراف کرتے ہوئے کانگریس کو مبارکباد دی اور کہاکہ یہ بی آر ایس کیلئے صرف اسپیڈ بریکر ہے۔ بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی۔ نتائج کی اجرائی کے بعد تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہاکہ نتائج ہماری توقع کے مطابق نہیں آئے۔ پھر بھی ہم عوامی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرانے بالخصوص کانگریس نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں اس کو پورا کرنے کے لئے حکومت پر دباؤ بنائے رکھیں گے۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر نے 21 اگسٹ کو پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا ہے تب سے 100 دن تک پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے بی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات کام کیا ہے۔ وہ بی آر ایس کو ووٹ دینے والے عوام اور پارٹی کے لئے خدمات انجام دینے والے کیڈر سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہاکہ ماضی سے بہتر کامیابی حاصل کرنے کی توقع کرتے ہوئے ہم انتخابی میدان میں اُترے تھے تاہم نتائج پارٹی کے حق میں نہیں آئے۔ عوام نے ہمیں 10 سال تک حکومت کرنے کا موقع فراہم کیا۔ ہم نے بہتر حکمرانی پیش کرنے کی ہرممکن کوشش کی۔ اب بی آر ایس اپوزیشن کا بھی ذمہ دارانہ رول ادا کرے گی۔ پارٹی کی شکست کو ہم ایک سبق کی طرح تسلیم کررہے ہیں۔ پارٹی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ناکامی کا جائزہ لیں گے اور جو غلطیاں ہوئی ہیں اس کو دور کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ انتخابات میں ہار جیت عام بات ہے۔ گزشتہ 23 سال کے دوران ہم نے ایسے حالات کا کئی مرتبہ سامنا کیا ہے۔ مگر ہمت نہیں ہارے، علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا۔ نتائج مایوس کن ضرور ہیں مگر تکلیف دہ ہرگز نہیں ہیں۔ بی آر ایس عوامی مسائل کو ایوانوں میں پیش کرنے کے معاملہ میں اہم رول ادا کرے گی۔ حکومت کا ساتھ دینے والے سرکاری عہدیداروں سے بھی کے ٹی آر نے اظہار تشکر کیا۔ انھوں نے کہاکہ نتائج سے پارٹی کیڈر کو ہرگز مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ نئے جوش و خروش کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد اور متحدہ ضلع میدک میں بی آر ایس نے شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ بعض مقامات پر پارٹی امیدواروں کو معمولی اکثریت سے شکست ہوئی ہے۔ بعض وزراء کو بھی شکست ہوئی ہے۔ یہ صرف اسپیڈ بریکر ہے۔ پارٹی کیڈر کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ ن