پاسپورٹ درخواستوں کی یکسوئی کیلئے ہفتہ کے دن بھی سیوا کیندر کام کریں گے

   

29 اپریل کیلئے 3 ہزار سے زائد اپواینٹمینٹس کی اجرائی کا منصوبہ
حیدرآباد۔27 ۔اپریل، ( سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا کے مطابق وزارت خارجہ کے پاسپورٹ ڈیویژن میں پاسپورٹ درخواستوں کے اپواینٹمینٹ کیلئے طویل ویٹنگ کو پیش نظر رکھتے ہوئے 29 اپریل سے ہفتہ کو بھی خصوصی پاسپورٹ مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مہم ریجنل پاسپورٹ آفس کے تحت بیگم پیٹ، امیر پیٹ اور ٹولی چوکی کے علاوہ کریم نگر اور نظام آباد میں واقع پاسپورٹ سیوا کیندر پر جاری رہے گی۔ ڈی بالیا نے کہا کہ 29 اپریل سے تا حکم ثانی ہر اتوار کو مذکورہ پاسپورٹ سیوا کیندر درخواست کی یکسوئی کریں گے۔ آئندہ ہفتہ یعنی 29 اپریل کو تتکال ، نارمل اور پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ زمرہ جات میں 3056 اپواینٹمینٹس دیئے جائیں گے۔ آئندہ ہفتہ کیلئے اپواینٹمینٹ پاسپورٹ سیوا ویب سائیٹ پر 27 اپریل شام 4 بجے سے دیئے جائیں گے۔ ایسے درخواست گذار جو رجسٹرڈ کرانے کے خواہاں ہوں یا پھر اپنے اپواینٹمینٹ ری شیڈول کرانا چاہتے ہوں وہ ویب سائیٹwww.passportindia.gov.in سے استفادہ کریں اور اپنے متعلقہ پاسپورٹ سیوا کیندر سے رجوع ہوں۔ پاسپورٹ آفیسر نے واضح کیا کہ درخواست گذاروں کو اپواینٹمینٹ کے بغیر داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پاسپورٹ خدمات کے سلسلہ میں درمیانی افراد اور بروکرس سے رجوع نہ ہوں۔ر