پاسپورٹ کی اندرون 11 یوم اجرائی، حکومت کا بیان

   

نئی دہلی۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے پاسپورٹ کو کسی شخص کی باختیاری کا ایک اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے چہارشنبہ کو لوک سبھا میں اعلان کیا ہے کہ درخواست گزاروں کو عام حالات میں اندرون 11دن پاسپورٹ جاری کیا جارہا ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران مملکتی وزیر امور خارجہ نے وی مرلیدھر نے ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ عام حالات میں پاسپورٹ کی اجرائی کے وقت کو 11 تک دن کم کردیا گیا ہے۔ تتکال زمرہ کے اندرون ایک دن پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کی پولیس توثیق کے لیے ملک کے 731 پولیس اضلاع میں ایک اپلیکیشن متعارف کیا گیا ہے جس سے بالخصوص پولیس توثیق کے ضمن میں تاخیر اور رشوت ستانی میں کمی ہوگی۔ پاسپورٹ کے حصول میں تاخیر ہونے کے اسباب پر کانگریس کے منیش تیواری کے ایک سوال پر مرلیدھرن نے کہا کہ ملک میں 36 پاسپورٹ دفاتر، 93 پاسپورٹ سیوا کیندر اور 412 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر ہیں۔ پولیس آفیس پاسپورٹ سیوا کیندروں کو چلانے کے کام میں کوئی خانگی افراد ملوث نہیں ہیں۔