پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کو مرکز کی منظوری غیر واضح

   

Ferty9 Clinic

پانی کیلئے احتجاج میں شدت کا فیصلہ، سابق رکن اسمبلی رام موہن ریڈی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔ /3 ستمبر ، ( سیاست نیوز) سابق رکن اسمبلی اور صدر ضلع کانگریس وقارآباد رام موہن ریڈی نے کہا کہ پالموررنگاریڈی پراجکٹ کو مرکز کی منظوری کے بارے میں آج تک صورتحال غیر واضح ہے۔ سابق میں مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی نے واضح کیا تھا کہ اس پراجکٹ کو مرکز کی منظور نہیں دی گئی۔ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت نے آج تک کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رامن موہن ریڈی نے کہا کہ اس پراجکٹ کو مرکز کی منظوری کے بارے میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو وضاحت کرنی چاہیئے۔ لکشمی دیوی پلی میں 10 ٹی ایم سی پر مشتمل ذخیرہ آب کی تعمیر کا کانگریس دور حکومت میں فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ علاقہ کی آبپاشی اور پینے کے پانی کی ضرورت کی تکمیل ہوسکے۔ کے سی آر نے تلنگانہ تحریک کے دوران اعلان کیا تھا کہ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد لکشمی دیوی پلی ذخیرہ آب تعمیر کیا جائے گا لیکن اقتدار ملتے ہی وعدہ کو فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری کا پانی سنگاریڈی تک سربراہ کرنے کیلئے کے سی آر اقدامات کررہے ہیں جبکہ رنگاریڈی ضلع کے ساتھ ان کا رویہ معاندانہ ہے۔ ضلع رنگاریڈی کو ہر طرح سے نظرانداز کردیا گیا۔ رنگاریڈی ضلع میں تاحال 300 کسانوں نے خودکشی کرلی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ضلع میں زرعی شعبہ کی صورتحال کس قدر ابتر ہے۔ رام موہن ریڈی نے کہا کہ لکشمی دیوی پلی ذخیرہ آب کی تعمیر اور کسانوں کے مطالبہ کی تکمیل تک کانگریس پارٹی کا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی رنگاریڈی ضلع کیلئے آبپاشی اور پینے کے پانی کی سربراہی سے متعلق جدوجہد کو گاؤں گاؤں تک پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنے مطالبات کے تحت جو جلسہ عام منعقد کیا تھا وہ کامیاب رہا۔ انہوں نے جلسہ کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا۔