ممبئی : مہنگائی کو ہدف کے دائرے میں رکھنے کے مقصد سے ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے آج شرح نمو کی پیشگوئی کو برقرار رکھنے اور مہنگائی کے تخمینے کو مد نظر رکھتے ہوئے پالیسی شرحوں میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح عام لوگوں کے گھر، گاڑی اور دیگر قرض کی قسطوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔مانیٹری کمیٹی نے ریپو ریٹ کو 6.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ اعلان رواں مالی سال کے تیسرے دو ماہی تین روزہ اجلاس کے بعد آج جاری کردہ اعلامیہ میں کیا گیا ہے ۔ ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے عالمی اور گھریلو معیشت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی شرحوں میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے ۔ کمیٹی کے اس فیصلے کے بعد فی الوقت پالیسی ریٹ میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔ ریپو ریٹ 6.5 فیصد، اسٹینڈرڈ ڈپازٹ فیسیلٹی ریٹ 6.25 فیصد، مارجنل اسٹینڈنگ فیسیلٹی ریٹ 6.75 فیصد، بینک ریٹ 6.75 فیصد، فکسڈ ریزرو ریپو ریٹ 3.35 فیصد، کیش ریزرو ریشو 4.50 فیصد پر برقرار ہے ۔