پانچ برس میں اندراماں ہاوزنگ کے تحت 20 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ

   

چار مراحل میں 5 لاکھ روپے کی امداد، وزیر ہاوزنگ پی سرینواس ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) وزیر ہاوزنگ پی سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس دور حکومت میں ڈبل بیڈروم مکانات کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ سرینواس ریڈی نلگنڈہ ضلع کے نکریکل میں اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے استفادہ کنندگان میں منظوری لیٹرس کی اجرائی کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اندراماں ہاوزنگ کے تحت پہلے مرحلہ میں 4.50 لاکھ مکانات کی تعمیر کے لئے امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 مکانات کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی منظوری کے سلسلہ میں غریب اور مستحکم خاندانوں کا شفافیت کے ساتھ انتخاب کیا جارہا ہے۔ بلالحاظ مذہب و ملت تمام غریب خاندانوں کو مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 5 برسوں میں حکومت 20 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے اور استفادہ کنندگان کو 4 مراحل میں 5 لاکھ روپے کی رقم بطور امداد دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسکیم کے لئے درمیانی افراد سے رجوع نہ ہوں اور عہدیداروں کی جانب سے مکمل شفافیت کے ساتھ انتخاب عمل میں آئے گا۔ وزیر ہاوزنگ نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں کسانوں کو اراضیات کے حق سے محروم کردیا گیا۔ کانگریس نے بھو بھارتی قانون نافذ کیا ہے جس کے تحت کسانوں کی اراضیات کا تحفظ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو سداسو میں ریاست گیر سطح پر 8 لاکھ 60 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو 200 یونٹ مفت برقی اور 500 روپے میں گیس سلینڈر سربراہ کیا جارہا ہے۔ راجیو اروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت دی جارہی ہے۔ رعیتو بندھو کے تحت کسانوں کو فی ایکر 12000 روپے ادا کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو نیستم اسکیم کے تحت 9 دنوں میں 9 ہزار کروڑ کسانوں کے اکاؤنٹ میں منتقل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں ریاست میں سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا۔ صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ کوئی بھی غریب خاندان فلاحی اسکیمات سے محروم نہیں رہے گا۔ رکن اسمبلی وی ویریشم اور رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی کے علاوہ ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1