پانچ ریاستو ں کے انتخابات میں سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے وزیراعظم نے کی’ ڈرامہ بازی ‘ : مہاراشٹرا کانگریس

   

Ferty9 Clinic

ممبئی: مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پنجاب کے ضلع فیروز پور میں گذشتہ روز ہونے والی عوامی ریلی کو منسوخ کرنے پر ‘نوٹنکی’ کر رہے ہیں۔ پٹولے نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ وزیر اعظم نے خود پروٹوکال کی خلاف ورزی کی تھی کیونکہ انھیں ( مودی) ہیلی کاپٹر سے جانا تھا، پھر انہوں نے اپنا راستہ بدل دیا اور وہ سڑک سے کیوں چلے گئے ۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی پنجاب میں فلائی اوور پر پھنس گئے تھے کیونکہ کسانوں نے ریلی نکالی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی ریلی میں 70000 سے زیادہ لوگوں کے بیٹھنے کا انتظام تھا، لیکن ریلی میں بمشکل 700 لوگ آئے تھے ۔وزیر اعظم نے ریلی میں مجمع نہ ہونے کے پیش نظر فیروز پور کا دورہ منسوخ کر دیا تھا اور دہلی واپس لوٹ آئے تھے اور وزیر اعظم کے دورے کے لیے ناقص سکیورٹی انتظامات کہہ کر پنجاب حکومت پر الزام مڑھ دیا تھا۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے وضاحت کی ہے کہ وزیر اعظم کے دورے کے لیے سکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے تھے ، لیکن مسٹر مودی نے آخری لمحات میں راستہ بدل لیا اور ہیلی کاپٹر کے بجائے سڑک سے چلے گئے ، اس لیے وہ فلائی اوور پر پھنس گئے ۔مسٹر پٹولے نے کہا کہ کسانوں نے تینوں زرعی قوانین کو ابھی تک معاف نہیں کیا ہے لہٰذا کسان پنجاب میں وزیر اعظم کے پروگرام کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔