عمان؍ قاہرہ؍ ریاض؍ دوحہ؍ ابوظہبی: فلسطین کے گردو پیش میں پھیلے عرب ممالک فلسطینیوں کے غزہ سے جبری انخلا اور بے دخلی کے خلاف ہیں۔ اس امر کا تازہ اظہار پانچ عرب ملکوں کے وزرائے خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے نام لکھے گئے ایک مشترکہ خط میں کیا ہے۔عرب وزرائے خارجہ کی طرف سے لکھے گئے اس خط میں صدر ٹرمپ کے منصب صدارت سنبھالنے کے پہلے ہی ہفتے کے دوران غزہ سے لاکھوں فلسطینیوں کو اردن اور مصر طرف نکال دیے جانے کی مخالفت کی گئی ہے۔ اس بارے میں میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے یہ خط پیرکے روز بھیجا گیا ہے۔خط پر اردن ، مصر، سعودی عرب، قطر اور عرب امارات کے وزرائے خارجہ کے علاوہ فلسطینی اتھارٹی صدارتی مشیر حسین الشیخ کے دستخط ہیں۔ اس بارے میں سب سے پہلے ‘ ایکسیوس ‘ نے مصر کے اعلی ترین سفارتی عہدے دار کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا۔یاد رہے فلسطینیوں کی بڑی تعداد سے غزہ کی زمین خالی کراکے انہیں آس پاس کے ملکوں میں دھکیلنے کا منصوبہ ٹرمپ نے 25 جنوری کو پیش کر دیا تھا۔ انہوں نے یہ بات فلسطین کے مسئلے کے قلیل مدتی یا طویل المدتی دونوں طرح کے حل کیلئے کہی تھی۔ صدر ٹرمپ نے کہا تھا غزہ سے فلسطینیوں کی یہ منتقلی طویل مدتی بھی ہو سکتی ہے اور قلیل مدتی بھی۔