حیدرآباد :۔ شہر حیدرآباد میں پانچ ماہ کے وقفہ کے بعد میٹرو ریل آئندہ دو دن بعد پٹریوں پر دوڑے گی ۔ حیدرآباد میٹرو لائن نے شیڈول اور رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 7 ستمبر سے میٹرو ریل مرحلہ سطح پر چلائی جائے گی ۔ 7 ستمبر کو میاں پور تا ایل بی نگر کاریڈار پر صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک پھر سہ پہر 4 بجے سے رات 9 بجے تک میٹرو ریل چلائی جائے گی ۔ دوسرے دن 8 ستمبر کو ناگول تا رائے درگم تیسرے دن 9 ستمبر کو جے بی ایس تا ایم جی بی ایس کے علاوہ تمام تین کاریڈارس پر میٹرو ریل چلائی جائے گی ۔ شہر کے 5 کنٹمنٹ زونس کے ریلوے اسٹیشنس گاندھی ہاسپٹل ، بھارت نگر ، موسیٰ پیٹ ، مشیر آباد اور یوسف گوڑہ پر ریل روکی نہیں جائے گی ۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں کا جائزہ اجلاس منعقد کرنے کے بعد منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے شیڈول کے ساتھ رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ ہر 5 منٹ میں میٹرو ریل اسٹیشن پر مسافرین کو دستیاب رہے گی ۔ عوام کی بھیڑ بھاڑ کو دیکھتے ہوئے زائد ریل چلانے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ اسٹیشن اور ریل کی بوگیوں میں مسافرین کے درمیان فاصلاتی دوری کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی مارکنگ کی جائے گی ۔ مسافرین کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار ہے یا نہیں اس کا سی سی ٹی وی فوٹیج کے ساتھ آپریشن کنٹرول روم سے نگاہ رکھی جائے گی ۔ بغیر ماسکس کے مسافرین کو ریل میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ اسٹیشنس پر ماسک کی فروختگی کے بھی انتظامات کئے جائیں گے ۔ رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ اسٹیشن میں داخلہ کے موقع پر تھرمل اسکریننگ کیا جائے گا ۔ آروگیہ ستیو ایپ کے استعمال کے لیے مسافرین میں شعور بیدار کیا جائے گا ۔ اسٹیشن میں داخل ہونے سے قبل سنیٹائزر استعمال کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ سیکوریٹی کے لیے ضرورت کے مطابق ماک ڈرلس بھی کیا جائے گا ۔ میٹرو ریل کے عملہ کو ضرورت کے مطابق پی پی ای کٹس ، ماسکس اور سنیٹائزرس سربراہ کیا جائے گا ۔ اسمارٹ کارڈ ، موبائل کیو آر ٹکٹس پر سفر کرنے کے معاملے میں مسافرین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ مسافرین تھوڑے ساز و سامان ( بغیر میٹل ) کے سفر کرسکتے ہیں ۔ سنیٹائزر اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں ۔ پارکنگ مقامات جوں کے توں دستیاب رہیں گے ۔۔