پانڈیا اور راہول کے خلاف بی سی سی آئی کی نوٹس

   

نئی دہلی ۔9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )کافی وتھ کرن شو میں خواتین کے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جوابات متنازعہ ہونے کی وجہ سے کرکٹر ہاردک پانڈیا اور کے ایل راہول کو بی سی سی آئی نے وجہ بتاو نوٹس جاری کیا ہے۔ ان دونوں نے اس شو میں خواتین کے ضمن میں اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا ، جس کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے دونوں کی جم کر تنقید کی ہے۔ سپریم کورٹ کے ذریعہ مقرر انتظامیہ کمیٹی نے ہاردک پانڈیا اور کے ایل راہول کو وجہ بتاو نوٹس جاری کیا ہے۔ اس شو میں خواتین پر ان کے تبصرے پر دونوں سے 24 گھنٹوں کے اندر جواب طلب کیا گیا ہے۔شو میں کے ایل راہول اور ہاردک پانڈیا نے قدم رکھا اور اپنے ہی انداز میں کھل کر بیان بازی کی۔ شو کے دوران دونوں نے اپنے اور دیگر کرکٹرس سے وابستہ کئی ایسے راز بھی کھولے ، جن سے مداح انجان تھے۔ تاہم بعد میں پانڈیا نے متنازعہ بیان دینے کیلئے معافی بھی مانگی۔