پانڈیا کو کرکٹ پر توجہ دینے اروشی کا مشورہ

   

نئی دہلی ۔29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )کچھ دنوں سے بالی ووڈ اداکارہ اروشی روتیلا کافی سرخیوں میں ہیں۔ حال ہی میں اروشی کے بونی کپور کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایک ویڈیوکوکافی ٹرول کیاگیا تھا۔ یہ معاملہ تھما بھی نہیں تھا کرکٹر ہاردک پانڈیا کے ساتھ ان کے معاشقہ کی خبریںگردش کرنی شروع ہوگئیں لیکن اب اس معاملہ پر اروشی نے اپنی خاموشی توڑدی ہے۔ یاد رہے کہ کچھ دنوں پہلے بونی کپور اور اروشی روتیلا ایک شادی میں بطور مہمان پہنچے تھے اور میڈیا کی درخواست پر ان دونوں نے تصاویر بھی کھینچوائی تھیں۔ ان کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کئی الزامات کے ساتھ وائرل ہوا تھا۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد بونی کپور پر اروشی کو غلط طریقہ سے چھونے کا الزام لگا تھا۔ اروشی روتیلا نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بونی کپور بالکل بھی ایسے شخص نہیں ہیں ، انہوں نے مجھے غلط طریقہ سے نہیں چھوا اور وہ کافی اچھے انسان ہیں۔ درحقیقت اس وقت ان کے ساتھ میری کسی فلم کو لے کر بات چیت ہورہی تھی۔ ہاردک پانڈیا کے ساتھ معاشقہ کے سوال پر اروشی روتیلا نے کہا کہ ہاردک پانڈیا کے ساتھ ان کا کوئی معاشقہ نہیں ہے اور وہ فی الحال اپنے کام پر توجہ مرکوز کررہی ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ہاردک کو بھی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے بھی اچھا ہوگا کہ وہ فی الحال اپنی کرکٹ پر توجہ مرکوزکریں۔ اروشی نے کہا کہ فی الحال وہ کسی محبت کے رشتہ میں نہیں ہیں بلکہ وہ تنہا ہیں۔یاد رہے کہ پانڈیا اس وقت ٹیم کا حصہ نہیں ہیں ۔