اسلام آباد : پاکستان اور افغانستان کے درمیان چلنے والی ’دوستی بس ‘اپنی خدمات دوبارہ شروع کرے گی جس سے یہ اشارہ واضح طور پر ملتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بحال کرنے کیلئے عوام کا ایک دوسرے کے مقامات کا دورہ کرنا معمول کی بات بن جائے گا۔ کچھ عرصہ پہلے افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ امیرخان متقی نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور وہاں منعقدہ ٹرائیکا پلس اجلاس میں شرکت کی تھی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان ’دوستی بس‘ خدمات کو بحال کرنے کا بھی اہم فیصلہ کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان طئے پائے معاہدہ کے مطابق دوستی بس سرویس پشاور کے کارخانو مارکٹ سے افغانستان کے شہر جلال آباد تک چلائی جائے گی جس کی وجہ سے افغانستان کے ہزاروں مہاجر خاندان، تاجرین اور روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے افراد کیلئے کافی سہولتیں پیدا ہوجائیں گی۔ اس موقع پر متقی نے امید ظاہر کی کہ اسی نوعیت کی بس خدمات پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے بھی عنقریب شروع کی جائے گی۔
