کولمبو 18 فروری (آئی اے این ایس )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مضبوط اسپن اٹیک نے نمیبیا کو بری طرح قابو میں کرتے ہوئے 102 رنز سے واضح فتح حاصل کی اور رواں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے سوپر8 مرحلے میں اپنی جگہ پکی کرلی۔ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں 199 رنز کے بڑے ہدف کے دفاع میں پاکستان نے نمیبیا کو 17.3 اوورز میں صرف 97 رنز پر آؤٹ کردیا۔ مشکل ہدف کے تعاقب میں نمیبیا نے مثبت آغازکیا اور لورین اسٹین کیمپ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے فہیم اشرف کو سیدھا چھکا لگایا اور خوبصورت چوکے بھی مارے۔ پاور پلے کے اختتام پر ٹیم 40/2 تک پہنچ گئی تھی، اگرچہ جان فرائلنک اور جان نکول لوفٹی ایٹن آؤٹ ہوچکے تھے۔ اسٹین کیمپ نے 22 گیندوں پر 23 رنز بنائے، مگر پاور پلے کے فوراً بعد محمد نواز نے ان سے غلط شاٹ کھیلوا کر وکٹ کیپر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس کے بعد پاکستانی اسپنرز نے مکمل کنٹرول سنبھال لیا اور ٹرن لیتے وکٹ کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ پاکستانی بولروں کو نمیبیا کے مقابلے میں زیادہ ٹرن ملا جس سے بیٹنگ مزید مشکل ہوگئی۔ شاداب خان نے درمیانی اوورز میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس کو آؤٹ کیا اور الیگزینڈر وولشینک کو بھی چالاکی سے اسٹمپ کروا دیا۔ میچ کے ہیرو عثمان طارق ثابت ہوئے جنہوں نے اپنی گگلی اور کیرم بال سے نمیبیا کی نچلی صف کے بیٹرس کو مکمل طور پر پریشان کردیا۔ انہوں نے روبن ٹرمپیل مین، جے جے اسمتھ اور برنارڈ شولٹزکو آؤٹ کیا اور بہترین اعداد و شمار کے ساتھ 4 وکٹیں حاصل کیں۔ نمیبیا کی مزاحمت جلد ختم ہوگئی اور72/4 سے ٹیم 81/7 پر پہنچ گئی۔ آخر میں طارق نے ولیم مائی برگ کو آؤٹ کرکے پاکستان کی بڑی فتح یقینی بنادی۔ اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 199/3 کا بڑا اسکور بنایا تھا۔ صاحبزادہ فرحان نے شاندار سنچری (100) اسکورکی جبکہ صائم ایوب نے38 رنزکی اہم اننگزکھیلی۔ پاکستان کی منظم بولنگ، عمدہ فیلڈنگ اور حکمت عملی نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان سوپر8 مرحلے میں پہنچ گیا جبکہ امریکہ کی اگلے مرحلے میں رسائی کی امیدیں ختم ہوگئیں۔کیونکہ اگر پاکستان کو شکست ہوتی تو امریکہ کے اگلے مرحلے میں رسائی یقینی تھی لیکن پاکستان نے ایک جامع کامیابی حاصل کرتے نہ صر ف امریکہ کی امیدوں کو ختم کیا بلکہ رواں ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں اپنی رسائی کو بھی یقینی بنایا ہے۔مختصر اسکور: پاکستان 199/3 (20 اوورز)۔نمیبیا 97 آل آؤٹ (17.3 اوورز) ،پاکستان 102 رنز سے کامیاب۔