پاکستان : 332 ارکان مقننہ معطل

   

اسلام آباد۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) 332 پاکستانی ارکان مقننہ بشمول ملک کے اعلیٰ سطحی وزیر اطلاعات فواد چودھری کو آج معطل کردیا گیا کیونکہ وہ اپنی جائیدادوں اور اثاثہ جات کی تفصیلات انتخابات کے ادارہ کو داخل کرنے سے قاصر رہے تھے۔1174 ارکان مقننہ میں سے 839 ارکان نے اپنے اثاثہ جات اور جائیدادوں کی تفصیلات فوری الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پیش کردی ہیں ۔ معطل ارکان مقننہ ایسے کرنے سے قاصر رہے تھے۔ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری ، وزیر صحت عامر کیانی ، قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ، پاکستان مسلم لیگ (نواز شریف) کے ارکان احسن اقبال ، مصدق ملک اور انوارالحق ککر معطل شدہ ارکان میں شامل ہیں۔ قومی اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر راحیلہ مگسی بھی معطل کی گئی ہیں۔ معطل شدہ ارکان پارلیمنٹ قانون سازی کے کسی بھی عمل میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ ارکان اس وقت تک معطل رہیں گے جب تک کہ وہ اپنے اثاثہ جات اور واجبات کی تفصیلات داخل نہیں کریں گے۔