کراچی ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔ تمام ٹیموں کی تیاری اپنے اپنے انداز سے جاری ہے۔ ہندوستانی میدانوں پر رواں آئی پی ایل پاکستان کے علاوہ تمام ممالک کے کھلاڑیوں کے لیے ورلڈکپ کی تیاریوں کا میدان بن گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان نیوزی لینڈکی اپنے گھر میں میزبانی کرکے اپنی تیاریوں کا امتحان لے رہا ہے۔ دریں اثناء سبکدوشی سے واپسی اور پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی امیدوں کے حوالے سے بیان دیا ہے۔ محمد عامر کے مطابق پاکستان کے پاس اب بہانے بنانے کے لیے کچھ نہیں بچا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال کھیلے گئے ونڈے ورلڈکپ میں پاکستان کی حالت خراب تھی۔ وہ ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے سے پہلے ہی ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئے تھے، جس کے بعد ان کی طرف سے بہت سی افواہیں سنی گئیں لیکن اگر محمد عامر پر یقین کیا جائے تو یہ اب یا کبھی نہیں ہے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عامرکے اس بیان کے پیچھے ٹھوس وجہ ہے کہ پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ نہ جیتنے پرکوئی بہانہ نہیں بنا سکتا۔ دراصل محمد عامر کو لگتا ہے کہ پاکستان نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے تینوں شعبوں میں تمام خامیوں پر قابو پالیا ہے۔ ٹیم اچھی لگ رہی ہے اور اس کا واحد ہدف ٹی20 ورلڈ کپ جیتنا ہے۔ اب اگر پاکستان نہیں جیتتا تو ٹیم ذمہ داری لینے کے علاوہ کوئی بہانہ نہیں بنا سکتی۔علاوہ ازیں محمد عامر نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کی امیدوں کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے وہاں روہت شرما اور ویرات کوہلی کے ساتھ اپنے آنے والے مقابلے کا بھی ذکرکیا۔ عامر نے کہا کہ دونوں ورلڈ کلاس بیٹرس ہیں۔ ان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ہی ایک بہترین تجربہ رہا ہے اور اس بار بھی مزا آئے گا۔