پاکستان سیریز کے دوران اسمتھ ۔ وارنر پر پابندی ختم ہوجائیگی

   

شارجہ۔10 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ اور سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر پر گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی وجہ سے ایک سال کیلئے عائد کی گئی پابندی پاکستان کے خلاف مارچ میں کھیلی جانے والے پانچ میچوں کی ایک روزہ سیریز کے دوران ختم ہوجائے گی۔اس سیریز کے یہ پانچ میچ شارجہ، ابو ظہبی اور دوبئی میں 22 مارچ سے 31مارچ تک کھیلے جائیں گے ۔ شارجہ میں22 مارچ کو پہلا یک روزہ میچ کھیلا جائے گا۔اس سیریز کے دوران اسمتھ اور وارنر پر عائد 12 مہینے کی پابندی ختم ہوجائے گی اور وہ 29 مارچ کو کھیلے جانے والے چوتھے میچ کے لئے دستیاب ہوں گے ۔ البتہ اسمتھ اس میچ میں نہیں کھیل سکیں گے کیونکہ وہ اپنی کہنی کی چوٹ سے ابھی تک ابھر نہیں پائیں ہیں جس کی وجہ سے وہ پاکستان سپرلیگ سے بھی باہر ہوگئے ہیں ۔ پہلا یک روزہ میچ 22 مارچ کو شارجہ میں، دوسرا 24 مارچ کو شارجہ میں ، تیسرا 27 مارچ کو ابو ظہبی میں ، چوتھا 29 مارچ کو دوبئی میں اور پانچواں 31 مارچ کو دوبئی میں کھیلا جائے گا۔