پاکستان سے آئی اچھی خبر، مندر کو بچانے کے لئے مسلمانوں نے وہیں رات گزاری

   

پاکستان کے صوبہ سندھ کے گھوٹکی میں ایک دن پہلے ہی ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کی خبر سامنے آئی تھی۔ پاکستان کے سندھ صوبہ کے ضلع گھوٹکی میں ایک پرنسپل پر توہین رسالت کا معاملہ درج ہونے کے بعد وہاں کے لوگوں نے ہندو مندر اور دیگر عمارتوں کو نشانہ بنا کر وہاں حملہ کیا تھا۔ اس واقعہ کے ایک ہی دن بعد پاکستان سے ایک اچھی تصویر سامنے آئی ہے۔ سندھ صوبہ کے گھوٹکی کے لوگ اب کھل کر ہندو کمیونٹی کی حمایت کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، گھوٹکی میں جس مندر کو توڑا گیا اس مندر کو دوبارہ بھیڑ کے حملے سے بچانے کے لئے مسلمانوں نے وہاں رات گزاری۔ خبر کے مطابق، توڑے گئے ہندو مندر میں مسلم برادری کے لوگ آ کر اظہار افسوس کر رہے ہیں۔ وہاں کے لوگ مندر توڑنے والوں سے ذرا بھی اتفاق نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا ہے کہ مندر توڑنے والے انتہاپسندانہ ذہنیت کے ہیں، انہیں کا شکار ہندو لوگ بن گئے ہیں۔

آپ کو بتا دیں کہ پاکستان کے صوبہ سندھ کے ایک اسکول میں اقلیتی ہندو برادری کے پرنسپل کے خلاف مبینہ طور پر توہین رسالت کا معاملہ درج ہونے کے بعد اتوار کو صوبہ کے کئی علاقوں میں فسادات بھڑک گئے تھے۔