پاکستان سے روانہ افغان شہری بنیادی ضرورتوں سے محروم

   

کابل: امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ پاکستان سے انخلا کے بعد افغانستان پہنچنے والے افغان باشندے کْھلے آسمان تلے سونے پر مجبور ہیں جہاں نہ تو ان کے لیے مناسب پناہ گاہیں ہیں، نہ ہی کھانے پینے اور بیت الخلا کی سہولت موجود ہے۔خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق افغان باشندے دو اہم سرحدی گزرگاہوں طورخم اور چمن کے راستے پاکستان سے روانہ ہوئے ہیں۔ طالبان نے ان افراد کے قیام کے لیے کیمپ لگا رکھے ہیں اور وہ افغانستان میں اپنے آبائی مقام پر منتقل ہونے کے منتظر ہیں۔امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ طورخم میں کوئی مناسب پناہ گاہ نہیں ہے۔ پینے کے پانی تک محدود رسائی ہے۔ سردی میں آگ جلا کر حرارت لینے کے علاوہ کوئی متبادل ذریعہ نہیں ہے۔نہ روشنی ہے اور نہ ہی بیت الخلا۔لوگ کھلے میں رفع حاجت کرنے پر مجبور ہیں اور صفائی کی ناقص صورتحال ہے۔