نئی دہلی۔14اگست (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ڈیوس کپ کھلاڑیوں کے پاکستان میں مقابلہ نہ کھیلنے کے مطالبے کے بعد آل انڈیا ٹینس اسوسی ایشن نے بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن کو مکتوب لکھ کر کہا ہے کہ ہندوستان ۔پاکستان ڈیوس کپ مقابلے کوحالات معمول پر آنے تک دومہینے کے لئے ملتوی کردیا جائے یا پھر اسے دوسری جگہ منتقل کیا جائے ۔آل انڈیا ٹینس اسوسی ایشن (اے آئی ٹی اے ) نے48گھنٹے پہلے بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) سے پاکستان میں سکیورٹی کے حالات کا دوبارہ جائزہ لینے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ کپتان مہیش بھوپتی کی قیادت والی ہندوستانی ڈیوس کپ ٹیم نے اس کے 24گھنٹے بعد مقابلے کے لئے غیر جانبدار مقام کا مطالبہ کیا ۔ہندوستان کو اسلام آباد میں پاکستان کے خلاف ایشیا اوسنیا زون گروپ اے کا مقابلہ کھیلنا ہے لیکن کشمیرسے آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں پھر سے تلخی آگئی ہے جس کے بعد 55سال بعد ہندوستان کا پاکستان دورہ بھی برف دان کی نذرہوگیا ہے ۔اے آئی ٹی اے نے آئی ٹی ایف کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ڈیوس کپ کے اس مقابلے کے مقام کو پاکستان سے منتقل کیا جائے یا پھر دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری ہونے تک کچھ وقت کے لئے ٹورنمنٹ کو ہی ملتوی کردیا جائے ۔اے اائی ٹی اے نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے ۔