پاکستان شاندار کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل میں داخل

   

بنکاک، 18 فروری (یو این آئی )تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں جاری ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان ویمنز اے ٹیم نے متحدہ عرب امارات کو یکطرفہ مقابلے کے بعد9وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ۔ انوشہ ناصر کی تباہ کن بولنگ اور شوال ذوالفقار کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے حریف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع تک نہ دیا۔بنکاک میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔انوشہ ناصر نے صرف 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا بلکہ یو اے ای کی کمر توڑ دی۔ حفصہ خالد نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وحیدہ، عمیمہ، مومنہ اور گل رخ نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔یو اے ای کی پوری ٹیم17.2 اوورز میں محض79 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ تھیرتا ستیش ((32 رنز کے علاوہ کوئی بھی خاطر خواہ مزاحمت نہ کر سکا۔80 رنز کا معمولی ہدف پاکستان نے صرف 11 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصلکرلیا۔ اوپنر شوال ذوالفقار نے 38 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ حورینہ سجاد 26 رنز بنا کر کریز پر موجود رہیں۔ ایمان نصیر نے 12 رنز بنا کر ٹیم کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ 20 فروری کوبنگلہ دیش سے ہوگا۔