پشاور 26جولائی (یو این آئی) پاکستانی صوبہ خیرپختونخوا کے چترال میں گزشتہ 2 دنوں کے دوران 3 خواتین سمیت 4 افراد نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی، 2 واقعات جمعہ کے روز پیش آئے ۔ڈان میں شائع خبر کے مطابق پہلے واقعے میں ایک نو عمر لڑکی نے چیو بازار کے علاقے میں دریا میں چھلانگ لگا دی، بعد ازاں اس کی لاش دریا سے نکالی گئی اور پوسٹ مارٹم کے بعد والدین کے حوالے کردی گئی۔چیو بازار میں میڈیکل اسٹور کے مالک چشم دید گواہ، انعام اللہ نے ‘ڈان’ کو بتایا کہ لڑکی کو ان کی دکان کے سامنے موجود ایک دکان سے منتو (افغانی ناشتہ) خریدتے دیکھا گیا، اس کے بعد وہ پل کے درمیان تک گئی اور بہت سے راہ گیروں کے سامنے دریا میں کود گئی۔سب ڈویژنل پولیس افسر (سٹی سرکل) سجاد حسین نے ‘ڈان’ کو بتایا کہ متوفیہ کے والدین اپر چترال کی تحصیل موڑکھو سے ہجرت کر کے چترال ٹاؤن کے سنگور گاؤں منتقل ہوئے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ لڑکی کی خودکشی کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم پولیس نے واقعے کی حقیقت جاننے کے لیے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 174 کے تحت تفتیش شروع کر دی ہے ۔دوسرے واقعے میں، اپر چترال کے لاسپور وادی کے گاؤں رمن سے تعلق رکھنے والے ایک نو بیاہتا نوجوان، زار نبی نے دریا میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔