پاکستان میں بازاروں کی جلد بندش بے شمار افراد کے بیروزگار ہونے کا خطرہ

   

اسلام آباد : حکومت پاکستان کی طرف سے مارکیٹوں اور بازاروں کو جلدی بند کروانے کی وجہ سے تاجروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور انہوں نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اس حکومتی اقدام سے ملک میں بے روزگاری انتہا کو پہنچ جائے گی۔واضح رہے کہ ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب نے حکومت کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ مارکیٹوں اور بازاروں کو رات 9 بجے تک بند کروائے۔ اس سلسلے میں پہلے سندھ اور بعد میں پنجاب اور وفاقی حکومت نے بھی مارکیٹوں اور بازاروں کو رات نو بجے بند کروانا شروع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے علاوہ دو صوبوں اور مرکز میں رات نو بجے سے پہلے پولیس گشت کرنا شروع کردیتی ہے اور جو بازار نو بجے کے بعد بھی کھلے رہتے ہیں، انہیں بند کرواتی ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ اگر تاجر برادری وقت پر دکانیں اور بازار بند کر دے، تو کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں تین ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی کی بچت کی جا سکتی ہے۔