اسلام آباد : پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں ایک بچے میں پولیو وائرس پایا گیا ہے ، جس سے جنوبی ایشیائی ملک میں پولیو کے مریضوں کی کل تعداد نو ہو گئی ہے ۔ محکمہ صحت کے ایک افسر نے یہ اطلاع دی۔ نیشنل ہیلتھ سروس ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن سے متعلق وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر ملک مختار احمد نے ہفتہ کے روز بتایا کہ صوبہ کے ضلع ژوب میں 18 ماہ کے بچے کے نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 کا پتہ چلا ہے ۔ مختار احمد نے کہا کہ بچے میں 28 جون کو فالج کی علامات پائی گئیں اور وائرس کی جینیاتی جانچ ابھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پولیو کے نو میں سے سات کیسز صوبہ بلوچستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وائرس ملک کے 50 سے زائد اضلاع میں موجود ہے ۔