پاکستان میں سری لنکا کے خلاف ٹسٹ مقابلہ کا امکان

   

کراچی ۔8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹسٹ میچز کو کراچی اور لاہور میں ممکن بنانے کے لیے سری لنکن سیکیورٹی وفد پاکستان پہنچ گیا، نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کروایا گیا جہاں اس نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق موہن ڈی سلوا کی سرپرستی میں 4 رکنی سری لنکائی سیکیورٹی وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ بھی کروایا گیا جبکہ اس سے قبل سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کراچی میں بڑی ملاقات ہوئی۔ سری لنکائی وفد نے اجلاس کے بعد سیکیورٹی اتنظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ بھرپور انتظامات پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کی کوششوں کو بھی سراہا۔موہن ڈی سلوا نے کہا کہ دعوت دینے کے لیے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں، جو ہمیں تفصیلات دی گئی ہیں اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔ مزید کہا کہ ہم اپنے سینیئر عہدیداروں کے ساتھ یہاں آئے، 2009 حملے کے بعد کھلاڑیوں سمیت ہماری قوم کو بہت سے تحفظات تھے تاہم انہیں کا جائزہ لینے کے لیے یہاں آئے ۔ انہیں نے یہ بھی کہا کہ سی پی او میں جو تفصیلات دی گئی وہ قابل تعریف ہیں، واپس سری لنکا جاکر اپنی رپورٹ مرتب کریں گے اور پی سی بی کو آگاہ کریں گے۔ سری لنکائی سیکیورٹی وفد اپنی سفارشات مرتب کرکے سری لنکا کرکٹ بورڈ کو پیش کرے گا جس کی روشنی میں بورڈ سری لنکائی ٹیم کے دورہ پاکستان پر فیصلہ کرے گا۔خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹسٹ میچز پر مشتمل سیریز مقرر ہے جو ممکنہ طور پر پاکستان میں کھیلی جاسکتی ہے۔ تاہم ٹسٹ چمپیئن شپ کی دوڑ کے لیے کھیلے جارہے یہ میچ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی کھیلے جاسکتے ہیں۔ خیال رہے کہ رواں برس مئی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف اپنی ٹسٹ سیریز پاکستان میں کھیلنے کے لیے سری لنکائی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تھا۔پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) وسیم خان نے سری لنکائی کرکٹ بورڈ سے اپنا سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے کی درخواست کی تھی جنہیں سیکیورٹی پر تفصیلات فراہم کی جاسکے۔ سنگاپور میں ہونے والی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس کے دوران ایک علیحدہ ملاقات میں پی سی بی حکام نے سری لنکائی کرکٹ حکام کو دعوت نامے دیے تھے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں کرکٹ کی بحالی کے لیے اب تک صرف ونڈے اور ٹوئنٹی20 میچز کا ہی انعقاد کیا ہے، تاہم اگر پی سی بی کا یہ اقدام حقیقت بن جاتا ہے تو پاکستانی شائقین ٹسٹ کرکٹ کو بھی اپنے ملک میں ہوتا دیکھیں گے۔ خیال رہے کہ 3 مارچ 2009 کو لاہور میں سری لنکائی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر بیرونی ٹیموں نے پاکستان میں کھیلنے سے معذرت کرلی ۔ جب سری لنکائی ٹیم پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا تو اس وقت پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ٹسٹ میچ جاری تھا اور مہمان ٹیم اس سلسلے میں صبح کے وقت بس میں قذافی اسٹیڈیم لاہور ہی آرہی تھی۔واضح رہے کہ اس حادثہ کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہیں حالانکہ حالیہ برسوں میں کچھ کوششیں ضرور ہوئی ہیں ۔