اسلام آباد۔ 20 مئی ۔ (یو این آئی) پاکستان کی وفاقی کابینہ نے ، جو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوئی، آج چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی تجویز کی منظوری دی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پانچ نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال کے علاوہ اگلے مالی سال کے بجٹ کی تجاویز بھی شامل تھیں۔ اجلاس کا اہم نکتہ جنرل عاصم منیر کی فوجی عہدے میں ترقی کی متفقہ منظوری تھی جو پاکستان کی تاریخ میں ایک نادر اعزاز ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور آرمی چیف کی ترقی کے فیصلے پر انہیں اعتماد میں لیا۔کابینہ کے مطابق، یہ ترقی جنرل عاصم منیر کی شاندار فوجی قیادت، بہادری اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کے اعتراف میں دی گئی۔کابینہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ ہندوستان کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں خدمات سرانجام دینے والے افراد کو اعلیٰ قومی اعزازات سے نوازا جائے گا۔