لاہور : کوروناوائرس لاک ڈاؤن کے سبب پاکستان میں پھنسے 250 ہندوستانی شہریوں کا دوسرا بیاچ جمعہ کو واگھا سرحد کے ذریعہ وطن واپس پہنچ گیا۔ پاکستانی عہدیداروں نے کہا کہ دو روز میں یہ دوسرا بیاچ ہے جو اپنے ملک واپس ہوا ہے۔ قبل ازیں 248 ہندوستانی واپس ہوئے تھے۔ اب مزید تقریباً 250 ہندوستانی پاکستان میں پھنسے ہیں اور وہ بھی ہفتہ کو وطن واپس ہوجائیں گے۔ لاہور میں واگھا سرحد کو 25 تا 27 جون تین یوم کیلئے کھولا گیا ہے تاکہ پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کی واپسی میں سہولت ہو۔ وزارت خارجہ کے عہدیدار نے بتایا کہ یہ ہندوستانی کوویڈ۔19 لاک ڈاؤن کے پیش نظر بین الاقوامی سرحد بند ہونے پر پھنس گئے تھے۔
