پاکستان میں پہلی مرتبہ مقابلہ حسنِ قرأت کا انعقاد

   

40 ممالک کے قراء کرام شریک، پرنور مناظر

اسلام آباد ۔ 25 نومبر (ایجنسیز) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پیر کو شروع ہونے والے اولین بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت میں 40 سے زائد ممالک کے قاریانِ کرام حصہ لے رہے ہیں۔پانچ روزہ بین الاقوامی مقابلہ قرأت (آئی کیو سی-2025) میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 40 سے زائد رکن ممالک کے قراء کرام کتابِ مقدس کی تلاوت کیلئے مجتمع ہوں گے۔پینل میں تین بین الاقوامی اور پانچ پاکستانی ججز شامل ہیں۔ مقابلے میں پاکستان سے بھی ایک قاری شریک ہوں گے۔پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور کے رکن اور تقریب کے رابطہ کار قاری سید صداقت علی نے کہا، “جب 40 اقوام کی آوازیں ایک ہی چھت تلے ایک ہی کلماتِ الٰہیہ کی تلاوت کرتی ہیں تو یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قرآن کس طرح سرحدوں کے پار دلوں کو ملاتا ہے۔پاکستان کا اولین عالمی مقابلہ حسنِ قرأت 24 نومبر 2025 کو اسلام آباد میں جاری ہے۔ (اے این)ججز فنِ تجوید کی بنیاد پر قرآن کی تلاوت کرنے والوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ اس سے مراد کتابِ مقدس کی تلاوت کے قواعد کا اطلاق، الحان، تال اور تلاوت کے روحانی اثرات ہیں۔تقسیم انعامات کی عظیم الشان تقریب 29 نومبر کو جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہو گی جس میں فاتحین کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ توقع ہے کہ ریاستی سطح کے معززین اختتامی اجلاس کی صدارت کریں گے۔مقابلے کے آغاز پر اپنے خطاب میں وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف نے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب پاکستان میں عربی زبان کے فروغ میں معاون ثابت ہو گی۔