اقوام متحدہ، یکم جولائی (یو این آئی) ایسے وقت میں جب دنیا بڑھتے ہوئے تنازعات، گہری ہوتی ہوئی جغرافیائی سیاسی دراڑوں اور کثیرالجہتی اداروں کی مؤثریت پر بڑھتے ہوئے شکوک و شبہات سے نبرد آزما ہے ، پاکستان آج اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رہا ہے ، یہ ایک علامتی مگر اسٹریٹجک کردار ہے جو ایک نہایت حساس اور پیچیدہ عالمی ماحول میں پاکستان کے حصے میں آیا ہے ۔ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق یہ سلامتی کونسل کے 15 رکنی ادارے میں پاکستان کی آٹھویں مدت ہے اور 2013 کے بعد اس کی پہلی صدارت ہے ، اسلام آباد نے جنوری 2025 میں غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی موجودہ 2 سالہ مدت کا آغاز کیا تھا، جو 2026 کے اختتام تک جاری رہے گی۔روزنامہ ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے عالمی منظرنامے کو درپیش چیلنجز کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسے وقت میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رہا ہے جب دنیا شدید غیر یقینی صورتحال، بڑھتے ہوئے تنازعات، پیچیدہ جغرافیائی اور تزویراتی حالات اور عالمی امن و سلامتی کو درپیش سنگین خطرات کا سامنا کر رہی ہے ۔