پاکستان نے دوسرا ریموٹ سینسنگسیٹلائٹ خلا میں لانچ کردیا

   

کراچی31جولائی (یو این آئی) پاکستان نے خلائی میدان میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے چین سے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ خلا میں روانہ کردیا۔ ترجمان سپارکو کے مطابق پاکستان کی جانب سے لانچ کیا جانے والا یہ دوسرا سینسنگ سیٹلائیٹ ہے جو زمین کے مشاہدے، زرعی نگرانی، ماحولیاتی تجزیے کے شعبوں میں انقلاب برپا کرے گا۔ یہ سیٹلائیٹ سی پیک، علاقائی منصوبہ بندی، قدرتی وسائل کے انتظام کے منصوبوں کی بھی نگرانی کرے گا اور نقل و حمل کے نیٹ ورکس سمیت جغرافیائی خطرات کی بھی نشاندہی کرے گا۔ترجمان سپارکو کے مطابق اس وقت پاکستان کے 5سیٹلائیٹ خلا میں موجود ہیں۔ اس موقع پر سپارکو ہیڈکوارٹرز کراچی میں تقریب ہوئی ہے ۔

26 نومبر کے احتجاج پر41ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد 31جولائی (یو این آئی) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے سابق صدر عارف علوی، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، فیصل جاوید، سلمان اکرم راجا سمیت 41 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ۔ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف 26 نومبر احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔عدالت نے تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمہ نمبر 1193 میں پی ٹی آئی قیادت سمیت 41 رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ، 9 پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری پہلے ہی جاری کیے جاچکے ہیں۔