پاکستان پر دوسرے ٹسٹ میں اننگز شکست کے بادل

   


کرائسٹ چرچ ۔ نیوزی لینڈ نے کین ولیمسن اور ہنری نکولس کی ریکارڈ شراکت کی بدولت پاکستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ پرگرفت مضبوط کرلی ہے ۔ 362 رنز کی برتری حاصل کر کے مہمان ٹیم کو اننگز کے خطرے سے دوچار بھی کردیا ہے۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ نے 286 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کین ولیمسن 112 اور ہنری نکولس 89 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ روز کے برعکس آج کوئی موقع نہ دیا اور پاکستانی بولروں کے خلاف جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔کھانے کے وقفے تک یہ دونوں کھلاڑی 400 رنز مکمل کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو 100 رنز سے زائد تک پہنچا چکے تھے۔کھانے کے وقفے کے چند اوورز کے بعد پاکستان کو بالآخر اس وقت کامیابی ملی جب ہنری نکولس 18 چوکوں اور ایک چکے سے مزین 157 رنز بنانے کے بعد محمد عباس کی وکٹ بن گئے۔انہوں نے کپتان ولیمسن کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 369 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران کئی ریکارڈ بھی پاش پاش کردیے۔نکولس کے آؤٹ ہونے کے بعد بی جے واٹلنگ وکٹ پر آئے لیکن ان کا قیام وکٹ پر محدود رہا اور وہ صرف 7 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بنے۔اس مرحلے پر امید تھی کہ شاید پاکستانی بولرزکیوی اننگز جلد سمیٹنے میں کامیاب ہو جائیں لیکن ولیمسن نے نئے آنے والے ڈیرل مچل کے ساتھ مل کر ان ارمانوں کو خاک میں ملا دیا۔ولیمسن نے نہ صرف اپنی ڈبل سنچری مکمل کی بلکہ تقریباً 5 رنز فی اوور کی اوسط سے کھیلتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لئے133 رنزکی شراکت بھی قائم کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو 300 سے زائد تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ولیمسن 28 چوکوں کی مدد سے 238 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد فہیم اشرف کی وکٹ بن گئے۔ولیمسن نے آؤٹ ہونے کے بعد بھی اننگز ختم نہ کی بلکہ ڈیرل مچل کو سنچری کے لئے وقت فراہم کیا جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے 112 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز659 رنز6کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئرکردی اور پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 362 رنز کی برتری حاصل کر لی۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں جس کے لئے انہوں نے بالترتیب 98، 101 اور 106 رنز دیے۔ سب سے زیادہ مہنگے بولر نسیم شاہ ثابت ہوئے جنہوں نے26 اوورز میں 141 رنز کی پٹائی برداشت کی اور کوئی وکٹ بھی نہ لے سکے جبکہ پہلا ٹسٹ میچ کھیلنے والے ظفر گوہر نے بھی 32 اوورز میں 159 رنز دیے۔پاکستان نے بھاری خسارے میں جانے کے بعد اننگز شروع کی تو 8 ویں اوور میں3 رنز کے مجموعی اسکور پر شان مسعود بغیرکوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، شان نے پہلی اننگز میں بھی اسکور بورڈ کو زحمت نہیں دی تھی اور اس طرح انہوں نے میچ میں کوئی رن ہی نہیں بنایا۔ جب دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر8 رنز بنائے ۔پاکستان کو میچ میں اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 354 رنز درکار ہیں اور اسکی 9 وکٹیں باقی ہیں۔