پرتھ ۔ 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی ہے۔ تیسرے میچ میں پاکستان کی طرف سے آسٹریلیا کو 107 رنز کا نشانہ دیا گیا تھا تاہم بیٹنگ کی طرح پاکستانی بولنگ بھی ناکام رہی اور آسٹریلیا نے مطلوبہ نشانہ بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیا۔ پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا کے اوپنرز ارون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ فنچ نے ناقابل تسخیر 52 رنز بنائے جبکہ وارنر نے 48 رنز بنائے ۔ بہترین بولنگ کارکردگی پر آسٹریلیائی فاسٹ بولر سین ایبٹ کو مین آف دی میچ قراردیا گیا جبکہ سابق کپتان اسٹیو اسمتھ بہترین بیٹنگ کی وجہ سے مین آف سی سیریز قرار پائے۔ قبل ازیں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی بیٹنگ ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی جب صرف 22 کے مجموعی سکور پر اوپنرز امام الحق اوربابر اعظم سمیت نمبرتین پر آئے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان پویلین لوٹ گئے۔تین وکٹیں گرنے کے بعد افتخار احمد نے بیٹنگ کو تھوڑا سہارا دیا تاہم دوسری طرف سے مسلسل وکٹیں گرتی رہیں اور پھر افتخار احمد بھی 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی طرف سے 14 رنز بنانے والے اوپنر امام الحق اور 45 رنز بنانے والے افتخار احمد کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین دوہرے ہندوسے کو عبورنہ کرسکا۔آسٹریلیا کی طرف سے فاسٹ بولر رچرڈسن نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ فاسٹ بولر مچل سٹارک اور ایبٹ نے فی کس دو وکٹ حاصل کئے۔