پاکستان کو شکست ،انگلینڈ دوسری مرتبہ ٹی 20 چمپئن

,

   

ملبورن: آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار ٹی20 ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔انگلش ٹیم نے 138 رنز کا نشانہ 19 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ بین سٹوکس نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور 52 رنزکے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اتوارکو ملبورن میں ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو بالکل ٹھیک ثابت ہوا۔ پاکستان ٹیم 20 اوورز میں صرف 137 رنز ہی بنا سکی۔ شان مسعود 38 اور بابر اعظم 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ عادل رشید اور کرس جورڈن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سیم کرن کو ان کی عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی ملا۔ 138 رنز کے چھوٹے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے جارحانہ اوپنرز میدان میں اترے تو شاید سب کی نگاہوں میں ہندوستان کے خلاف سیمی فائنل کے مناظر تھے، لیکن شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور میں ہی ایلکس ہیلز کو بولڈ کردیا۔ انگلینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی معین علی تھے۔ انہوں نے بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔ دونوں کے درمیان 48 رنز کی شراکت داری بنی۔ معین 12 گیندوں پر 19 رنز بنا کر محمد وسیم جونیئر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انگلینڈ 2010 کے بعد دوسری مرتبہ چمپئن بنا ہے اور اس نے ویسٹ انڈیز کے دومرتبہ چمپئن بننے کا ریکارڈ برابر کرلیاہے۔