پاکستان کی ایک فیکٹری میں بائلر دھماکہ،13افراد ہلاک

   

اسلام آباد، 21 نومبر(یو این آئی) فیصل آباد میں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 13 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے کے باعث متعدد گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔ میڈیاکے مطابقفیصل آباد کے علاقے ملک پور میں واقع کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے سے قریب واقع متعدد گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فیکٹری کے ملبے سے مزدوروں اور قریبی گھروں کے ملبے سے بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد کی لاشیں جبکہ 15 افراد کو زخمی حالت میں نکال کر الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق فیکٹری منیجر بلال کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ فیکٹری مالک قیصر چغتائی واقعے کے بعد فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ دریں اثنا انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار ملبے تلے دبے لوگوں کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ایمبولینسز اور دیگر ریسکیو گاڑیوں کے لیے جائے حادثہ تک آسان رسائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں فیصل آباد میں ٹیکسٹائل مل میں اسٹیم بوائلر پھٹنے سے ایک درجن مزدور زخمی ہو گئے تھے ۔ ریسکیو 1122 نے بتایا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں نہ صرف فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی بلکہ ایک ہال کی چھت بھی لپیٹ میں آگئی۔